ماسکو(نیوز ڈیسک)فیس بک پر زیادہ سے زیادہ لائکس حاصل کرنے کے لئے کوئی کس حد تک جا سکتا ہے، یہ جاننے کے لئے اس روسی نوجوان کی ویڈیو دیکھ لیجئے جس نے سوشل میڈیا پر مقبول ہونے کے لئے اپنی جان کو ہی خطرے میں ڈال دیا۔یہ 19 سالہ الیکسے ڈربیلوف ہے جس نے ایک ’شاندار‘ ویڈیو بنانے کی خاطرپلیٹ فارم کی جانب بڑھتی ریل گاڑی کے آگے چھلانگ لگا دی۔
میل آن لائن کے مطابق یہ خوفناک واقعہ ماسکو کے وستاووشنیا میٹرو سٹیشن پر پیش آیا۔ جب ایک ریل گاڑی اس سٹیشن پر رکنے کے لئے بڑھ رہی تھی تو الیکسے نے ریلوے لائن پر چھلانگ لگائی اور پٹڑیوں کے درمیان بنے خلا میں لیٹ گیا۔ اس دوران اس کا ایک دوست ویڈیو بنا رہا تھا۔ چند لمحے بعد ریل گاڑی پہنچ گئی اور اس کے اوپر سے گزرنے لگی۔ اس دوران وہ منظر سے اوجھل رہا اور جب مسافروں کے اترنے کے بعد ریل گاڑی چل دی تو وہ ایک بار پھر نظر آیا۔ وہ اب تک پٹریوں کے درمیان لیٹا ہوا تھا۔ کچھ دیر بعد وہ اٹھا اور ایک جانب چل دیا۔ اس دوران ایک خاتون اہلکار نے اسے دیکھ لیا تھا اور اس پر چلا رہی تھی تاہم وہ وہاں سے فرارہو گیا۔
اگلے دن الیکسے نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی اور اس کا نتیجہ بھی جلد ہی اسے مل گیا۔ فیس بک پر اس کی ویڈیو کو لائک کرنے کی بجائے سوشل میڈیا صارفین نے اس کی احمقانہ حرکت پر خوب لعن طعن کی۔ صرف یہی نہیں بلکہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس بھی اس کے گھر پہنچ گئی اور اسے گرفتار کر لیا۔ اب یہ ’مشہور‘ نوجوان قانونی کاروائی کا سامنا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں اسے کم از کم کچھ ماہ ضرور جیل میں گزارنا پڑیں گے۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
