اتحاد بین السلمین، کراچی کی سیاست میں‌ پروقار منظر، علی رضا عابدی نے مثال قائم کردی

کراچی: شہر قائد میں عام انتخابات کی مہم زوروں شوروں سے جاری ہے اور سیاسی جماعتیں مخالفین کو پچھاڑنے کے لیے بالکل تیار ہیں مگر کل کراچی میں ایسا واقع پیش آیا جسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔

ہوا کچھ یوں کہ گلشن اقبال میں واقع حکیم سعید گراﺅنڈ کراچی میں چشم فلک نے پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سب سے شاندار نظارہ اس وقت دیکھا جب 6 سیاسی جماعتوں کے کارکنان ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے اور نعرے بازی شروع کی۔

اس سے پہلے کہ حالات تصادم کی صورت اختیار کرتے مغرب کی اذان شروع ہوئی جس کے بعد تمام لوگ نعرے بازی بھول گئے اور نماز ادا کرنے لگے ۔ نماز کی امامت جماعت اسلامی کے کارکن نے کی جبکہ مقتدیوں میں تین مسالک کے لوگ شامل تھے۔

جماعت اسلامی کے “سنی” امیدوار اسامہ رضی امام بن گئے۔ ایم کیو ایم کے “شیعہ” علی رضا عابدی سمیت تمام پارٹیوں کے کارکنان سب کچھ چھوڑ کر اس کے پیچھے صف میں کھڑے ہوگئے اور پیپلز پارٹی کے کیمپ کے عین سامنے سب نے باجماعت نماز ادا کی۔ اس نماز میں 3 مسالک کے ماننے والے اور 6 سے زائد سیاسی جماعتوں کے کارکنان شریک ہوئے۔

یہ تصاویر گالم گلوچ اور تفرقہ بازی کے اس گھٹن زدہ ماحول میں تازہ ہوا کا خوشبودار جھونکا اور رواداری کی ایک ناقابل فراموش مثال ہے۔ اس کو شہر کے نمایاں مقامات پر آویزاں کرنا چاہیے“۔


خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔