اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے عمران خان کو اگلا وزیراعظم قرار دیتے ہوئے بنی گالہ اراضی کا معاملہ خود دیکھنے کی درخواست کردی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ درخواست عمران خان نے ہی دی تھی، اب ان کی حکومت بننے والی ہے، تجاوزات کے معاملے کو عمران خان خود دیکھیں، بنی گالہ تجاوزات کیس ان کے لیے ٹیسٹ کیس ہو گا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے سروے جنرل آفس کو ہدایت کی ہے کہ کورنگ نالے کا سروے 6ہفتے میں مکمل کیا جائے،مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ عدالت سروے جنرل آفس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، محکمہ مال نے عدالتی احکامات کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ مال سروے آفس کو آج ہی مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرے، تعاون نہ کرنے والے ریاستی ادارے کے خلاف عدالت ایکشن لے گی۔
چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ محکمہ مال کے حکام جب تک سروے جنرل آفس کو ریکارڈ فراہم نہ کریں، سپریم کورٹ سے نہیں جائیں گے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ یہ درخواست عمران خان نے ہی دی تھی، اب ان کی حکومت بننے والی ہے، تجاوزات کے معاملے کو عمران خان خود دیکھیں، بنی گالہ تجاوزات کیس عمران خان کے لیے ٹیسٹ کیس ہوگا۔
