کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم پاکستان سے ملاقات میں لاپتہ کارکنان کی بازیابی اور دفاتر کھولنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ایم کیوایم کےوفد کی ملاقات ہوئی، متحدہ وفد میں خالدمقبول،کنورنوید،عامرخان،فروغ نسیم ودیگراراکین شامل تھے۔
ملاقات میں ایم کیوایم تحریک انصاف ورکنگ ریلیشن شپ پربات چیت ہوئی جبکہ کراچی میں ضمنی انتخابات سمیت کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی پیکیج پر غور کیا گیا۔
ایم کیو ایم نے وفاق کے تعاون سے حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کا معاملہ اٹھایا جبکہ ملاقات میں تحریری معاہدے پرعملدرآمدسےمتعلق بھی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔
ایم کیوایم وفدنےوزیراعظم کولاپتہ کارکنوں کی فہرست پیش کردی اور مسمار یا سیل کیے جانے والے سیاسی دفاترکھولنےسےمتعلق مطالبہ بھی سامنےرکھا۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ مئیر کراچی وسیم اختر ، ترقیاتی منصوبوں کےحکام اور دیگر شریک تھے۔ وزیراعظم کوگرین لائن،کے فور اور کراچی پیکیج پربریفنگ دی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی پیچھے رہےگیا، اسے ترقی یافتہ شہروں میں لاناہے، وزیراعظم نے گرین لائن اور کےفور منصوبہ فوری مکمل کرنےکی ہدایت اور انفراسٹرکچر کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کراچی کی خوب صورتی میں اضافے کے لیے اقدامات کرنے اور وفاق کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
