کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور رکن رابطہ کمیٹی فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ہم اپنے ناراض ووٹر کو منانے کی کوشش کررہے ہیں ، ضمنی انتخابات میں اگر وہ باہر نکل آیا تو فتح ہماری ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے حلقے این اے243 میں ایم کیو ایم کے امیدوار عامر چشتی کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں شہر کراچی کے نتائج تبدیل کیے گئے، ہماری جیتی ہوئی نشستیں دوسروں کو دے کر ہمیں ہرایا گیا، مگر 25جولائی کو جو کچھ ہوا وہ اب دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔
فیصل سبزواری کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے ناراض ووٹرز کو منانے کی کوشش کررہے ہیں، ضمنی الیکشن میں ووٹرز نکل آئے تو ہم جیت جائیں گے کیونکہ ہمارے مقابلے میں دیگرجماعتوں کے امیدوار کمزور ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم اس بار واضح برتری حاصل کرے گی۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے عالمگیر خان محسود کو تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ دیا، اس کے بات تو بلی تھیلے سے باہر آگئی کیونکہ فلاحی کاموں کی آڑ میں فکس اٹ کا سیاسی ایجنڈا تھا جو اب کھل کر نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 19 اکتوبر کو این اے247 میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کریں گے، مردم شماری اور حلقہ بندیوں سے پہلے ہی ہمارے ساتھ دھاندلی ہوچکی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 25جولائی کو جو ہوا وہ اب نہیں ہونے دیں گے، جب تک فارم45نہیں ملے گا، ہمارے ایجنٹ پولنگ اسٹیشن سے نہیں ہٹیں گے، دھاندلی کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے ضمنی الیکشن پراعتراضات دور کیے جائیں۔
