کراچی: صدرِ پاکستان سے تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید پر خاموشی توڑتے ہوئے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
گزشتہ کئی روز سے مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر محاذ کھلا ہوا تھا، تنقید کرنے والوں میں تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت بھی شامل تھے۔
ڈاکٹر عامر لیاقت نے مہوش حیات کو محض لوڈ ویڈنگ فلم کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا اور آج ہی عدالت جانے کا بھی اعلان کیا۔
عامر لیاقت نے آج اطلاع دی کہ وہ جلد فلم لوڈ ویڈنگ کے ڈائریکٹر اور کاسٹ کے خلاف عدالت جائیں گے ۔ انہوں نے مہوش حیات سمیت تمام لوگوں کو ایک بار پھر متنبہ بھی کیا۔
آتے ہیں مہوش حیات کی طرف کہ انہوں نے ناقدین کو کیسے جواب دیا۔
مہوش حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ جب سے مجھے تمغہ امتیاز دیے جانے کا اعلان کیا گیا تو لوگوں نے طرح طرح کے نام دینا شروع کیے، حتی کہ اپنی حدود پار کرتے ہوئے انہیں ’طوائف اور بری عورت‘ جیسے القابات سے بھی نوازا۔
مہوش حیات نے لکھا کہ میں اس معاملے کو صنفی معاملات میں دیکھنا نہیں چاہتیں مگر لوگوں کی شدید تنقید اور اُن کے استعمال کیے گئے نامناسب الفاظ نے مجھے اندر سے توڑ دیا جس کی وجہ سے میں سوچنے پر مجبور ہوگئی کہ ہمارا معاشرہ کس قدر اخلاقی پستی کا شکار ہے۔
It is so refreshing to see that sane voices still prevail. I think that this is a watershed moment. The industry needs to come together and fight this abuse that we are all subjected to. Lets make something good come from it. https://t.co/kqWvWseDJl
— MehwishHayat (@MehwishHayat) March 26, 2019
اداکارہ نے مزید لکھا کہ انہیں جو ایوارڈ دیا گیا وہ کسی بھی محنت کش خاتون کو دیا جا سکتا ہے اور ایوارڈ حاصل کرنے والی خاتون کا تعلق گلیمرس انڈسٹری سے بھی ہوسکتا ہے۔
مہوش حیات نے تنقید کرنے والوں کے خلاف زہر اگلنے کے بجائے لکھا کہ وہ اس فضول تنقید سے مزید مضبوط بنی ہیں اور وہ اپنے خلاف نفرت انگیز مہم سے مزید مضبوط ہوتی جائیں گی۔ مہوش حیات کے ٹوئٹس پر کئی افراد نے کمنٹس کیے اور ان کی اداکاری کو سراہا۔
کئی مداحوں نے مہوش حیات کی حمایت کی اور کہا کہ انہیں تنقید کی جانب توجہ نہیں دینی چاہئیے، وہ بہت اچھی اداکارہ ہیں۔
مہوش حیات کی تعریف کرنے والوں میں معروف صحافی حامد میر بھی شامل تھے، جن کے جواب پر اداکارہ نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
