وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 ماہ سے آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات میں پاکستان کا موقف تبدیل نہیں ہوا بلکہ آئی ایم ایف نے اپنے موقف پر نظرثانی کی اور ہمارے درمیان خلا کم ہوا یہی وجہ ہے کہ اب عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کو بیل آٹ پیکیج ملنے کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔
اسد عمر نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا لیکن اس مد میں دی جانے والی سبسڈی یک دم ختم نہیں کریں گے۔
اس بات کے امکانات ہیں کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مشن چیف منظوری دیں جس کے بعد اپریل کے تیسرے ہفتے میں بیل اوٹ پیکیج پر دستخط ہوجائیں، جبکہ اس سے قبل آئی ایم ایف کا اسٹاف لیول مشن ملکی معیشت کا جائزہ لینے پاکستان بھی پہنچے گا۔
معاشی اصلاحات کے بارے میں اسد عمر نے واضح کیا کہ ایکسچینج ریٹ کنٹرول نہیں کریں گے بلکہ ایکسچینج ریٹ سے اقتصادی اعشاریے طے کریں گے۔ وزیر خزانہ نے روپے کی قدر میں مزید کمی کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
