ملتان کی پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 218 کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار واصف راں نے 46ہزار 988ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ، پیپلز پارٹی کے امیدوار ارشد راں نے 39486ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
ملتان کے نواحی علاقے قادر پور راں میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے واصف راں نے میدان مارلیا۔
تفصیلات کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، 138 پولنگ اسٹیشنز میں سے 32 کو حساس قرار دیا گیا تھا جہاں ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور پاک فوج کے جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔
پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 کے تمام 138 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق حکمراں جماعت تحریک انصاف کے واصف راں نے 46 ہزار 988 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے ارشد راں نے 39 ہزار486 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 218 کی نشست تحریک انصاف کے ملک مظہر عباس راں کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔
