اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قانون پر ٹوئٹ کرتے ہوئے حضور ﷺ کا فرمان شیئر کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عمران خان نے لکھا کہ ‘حضورﷺکافرمان ہے کہ ناانصافیوں کی وجہ سےکئی قومیں تباہ ہوئیں، ایسی قوموں میں طاقت ور کے لیے علیحدہ اور کمزور شخص کے لیے علیحدہ قوانین تھے۔
دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عمران خان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ سے بالکل متفق ہوں، بدقسمتی سے حال ہی میں حکمرانوں کے بنی گالہ محل ریگولرآئز ہو گئے جبکہ غریبوں کی جھونپڑیاں رات و رات گرا دی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’اللہ ہمیں قول و فعل کے تضاد سے بچائے اور سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے‘۔
یاد رہے کہ نیب کی ٹیم آج احتساب عدالت کے حکم پر حمزہ شہباز کو حراست میں لینے کے لیے پہنچی تھی البتہ پنجاب کے قائد حزبِ اختلاف کے وکلاء نے پُھرتی کا مظاہرہ کیا اور لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے اُن کے چیمبر میں ملاقات کی۔ عدالت نے نیب کو پیر تک گرفتاری سے روکتے ہوئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے حمزہ شہباز کی گرفتاری روکنے پر نیب ٹیم 96 ایچ ماڈل ٹاؤن سے واپس روانہ ہوئی، عدالت نے کہا حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کیا جائے، حفاظتی ضمانت کی درخواست پر پیر کو سماعت ہوگی۔
نیب کی ٹیم آج دوسرے روز قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے شہبازشریف کی رہائش گاہ 96ایچ پہنچی تھی، نیب ٹیم نے رہائش گاہ کامحاصرہ کر لیا اور اندر جانے کی کوشش کی البتہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے محافظوں نے انہیں گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔
اس موقع پر نیب حکام کی ٹیم کے ہمراہ پولیس کے اہلکار بھی موجود تھے۔ چھاپہ مار ٹیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اور شہباز شریف گھر میں موجود ہیں، گھر کےگارڈز کی جانب سے نیب ٹیم کو مزاحمت کا سامنا ہے اور اندرجانے سے روکا جارہا ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو آج ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔
