کراچی: سندھ حکومت اور کوریا کی کمپنی کے مابین ٹرانسپورٹ پر معاہدہ طے ہوگیا جس کے تحت شہر قائد میں ایک ہزار نئی بسیں چلائی جائیں گی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے تصدیق کی کہ حکومتِ سندھ اور کوریا کی ٹرانسپورٹ کمپنی کے مابین معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت آئندہ دو ماہ میں 200 بسیں کراچی کے مختلف روٹس پر چلنا شروع ہوجائیں گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ دو سالوں کے دوران تقریباً ایک ہزار نئی بسیں سڑک پر چلتی نظر آئیں گی، کرایہ سندھ حکومت خود طے کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کے مختلف روٹس پر آئندہ دو سالوں میں ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی، معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں 60 روز میں 60 بسیں کراچی میں لائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 2 ماہ دن بعد 200 بسیں سڑکوں پر آجائیں گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ نئی بس سروس کراچی کے 40 مختلف روٹس پر چلیں گی اور یہ 10 سے 15 کلو میٹر کے روٹ طے کریں گی، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت بہت جلد کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں بھی بسوں کا تحفہ دیں گے، کراچی کو نظر انداز کرنے کے تاثر کو غلط ثابت کر دکھایا۔
