کراچی: سندھ پولیس کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال گزشتہ 6 ماہ کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے پولیس محکمے کے اعلیٰ افسران کو 105 دھمکیاں ملی ہیں تاہم ملنے والی تمام دھمکیوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ رواں سال کے 6 ماہ کے دوران سندھ پولیس کو 105 تھریٹ الرٹ موصول ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مؤثر حکمت عملی کے ذریعے سندھ پولیس نے دہشت گردوں کے تمام منصوبے ناکام بنائے اور دہشت گردی کی دھمکیاں دینے ولاے ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ نیز ان ملزمان کے خلاف کارروائی اور مزید گرفتاریاں جاری ہیں۔
پولیس دستاویز کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے 31، را اور این ڈی ایس کی طرف سے 8 اور کالعدم بی ایل اے سے 5 مرتبہ دھمکیاں ملیں، دھمکیاں دینے والوں میں داعش اور القاعدہ برصغیر بھی شامل ہیں۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 6 ماہ میں 21 خود کش حملے ناکام بنائے گئے، 8 آئی ای ڈی بھی ناکارہ بنائی گئیں، پی ایس ایل کے موقع پر 4 مرتبہ حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان دہشت گردوں کا ٹارگٹ غیر ملکی قونصل خانے، سیاسی شخصیات اور اقلیتی برادری تھی۔
