Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6131
دفترخارجہ نے بھارتی وزیر کے الزامات کو بے بنیاد اور فضول قرار دے دیا | زرائع نیوز

دفترخارجہ نے بھارتی وزیر کے الزامات کو بے بنیاد اور فضول قرار دے دیا

اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد اور فضول الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے بیانات پاکستان کو بدنام کرنے اور تنہا کرنے میں بھارت کی ناکامی پر بڑھتی ہوئی مایوسی کے عکاس ہیں۔

بھارتی وزیر خارجہ کی طرف سے پاکستان کے خلاف حالیہ بیانات کے سلسلے میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سےبھارت مظلومیت کی فرضی داستان اور پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مذموم مہم میں مصروف ہے، یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ترجمان کاکہناتھاکہ مسلسل پاکستان مخالف بیانیہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کو ہوا دینے میں بھارت کے ڈھٹائی سے ملوث ہونے کی حقیقت کو چھپا سکتا اور نہ ہی یہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی پر پردہ ڈال سکتا ہے۔

ترجمان نے کہا دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے بھارت خود دہشت گردی، تخریب کاری اور پاکستان کے خلاف جاسوسی میں ملوث ہونے کا سلسلہ بند کرے۔صرف چند ہفتے قبل ایک ڈوزیئر جاری کیا گیا تھا جس میں ناقابل تردید شواہد موجود تھے جو کہ 2021 میں لاہور کے ایک پرامن محلے میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں بھارت کے ملوث ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ 2007 کے سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ میں بھارتی سرزمین پر 40 سے زائد پاکستانی شہریوں کی ہلاکت سے لے کر 2016 میں بھارتی بحریہ کے حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن جھادیو کی پاکستان کے اندر سے گرفتاری تک، دہشت گردی اور تخریب کاری میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔