کراچی : گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبد الرحمن بن صالح زین العابدین الشیبی نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ خانہ کعبہ کے کلید بردار کی گورنرہاﺅس آمد اعزاز کی بات ہے۔
شیخ عبد الرحمن بن صالح زین العابدین ال شیبی نے گورنر ہاؤس کی مسجد میں ظہر کی نماز کی امامت بھی کی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور گورنر ہائوس کے افسران اور ملازمین نے ان کی اقتدا میں نماز ادا کی اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی ، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں توانائی بحران ہے اس ضمن میں گورنرہاﺅس کی آج سے 50 فیصد لائٹس بند رکھی جائیں گی اسی طرح میں شہریوں سے بھی اپیل کرتاہوں کہ وہ 25 فیصد بجلی کم استعمال کریں کیونکہ اس طرح بجلی بچا کر بہت سے مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی ہال مالکان بلا وجہ لائٹیں مت جلائیں جتنا ممکن ہو سکے بجلی کی بچت کو یقینی بنائیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ کے مسائل کے حل کے لئے گورنرہاﺅس کے دروازے ہر ایک کے لئے کھلے ہوئے ہیں ۔گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے لیاقت مارکیٹ ملیر کا دورہ کیا اور عوام سے رابطہ مہم کے ضمن میں لیاقت مارکیٹ میں عوام سے ملاقات بھی کی علاقہ کے لوگوں نے گورنرسندھ کا پرتپاک استقبال کیا اور گورنر سندھ سے مصافحہ بھی کیا۔
عوام نے اپنے درمیان گورنرسندھ کو دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خریداروں اور دکانداروں نے گورنر سندھ کے ساتھ سلفیاں لیں۔
