کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہےکہ طلبہ و طالبات کیلئے جامعات کی فیس میں 50 فیصد کمی کی تجویز زیر غور ہے، جلد ہی سرکاری، نجی جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس بلایا جائے گا، مستحق طلبہ کی اسکالر شپ میں 100 فیصد اضافہ کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ قبضہ مافیا کے خلاف عزم لیکر نکلیں ہیں، ان کا خاتمہ قریب ہے، جو لوگ کام نہیں کریں گے، ان کا حساب کھلی کچھریوں میں ہوگا، باغ کراچی (الہ دین پارک) میں بہترین اضافہ ہوگا اور اس کی تعمیر کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سیف الرحمن کے ہمراہ باغ کراچی کا سنگ بنیاد رکھنے کےبعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔
گورنر نے کہا کہ خواہش ہےکہ صوبے کیلئے جو بہتر ہو، وہ کیا جائے، اس پارک کی تعمیر کیلئے ہرممکن مدد کریں گے، کے ایم سی کے پاس فنڈز نہیں تو پریشانی کی ضرورت نہیں، مخیر حضرات سے درخواست کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں قبضہ مافیا بڑا چیلنج ہے لیکن قبضہ مافیا سے جلد نجات حاصل کریں گے، اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت کی ہےکہ ایس ایس پیز سڑکوں پر نظر آئیں، ڈی جی رینجرز فعال کردار ادا کررہے ہیں، یہ ہم سب کا شہر ہے، سب کو فرض نبھانا چاہئے۔
قونصل جنرل نے خطاب میں کہا کہ باغ کراچی سے رونقیں بحال ہوں گی، پارک کی تعمیر میں مدد کریں گے، محکمہ پارکس کے 3 ملازمین کو دبئی بھیجا جائے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بتایا کہ یہ پارک 72 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جارہا ہے، اب تک 5 ہزار سے زائد پودے لگائے جاچکے، تمام تفریحی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔
ادھر گورنر سندھ نے لیپروسی اسپتال منگھوپیر کا دورہ کیا، اسپتال کی 125 سالہ تاریخ میں کسی بھی گورنر کا یہ پہلا دورہ ہے، گورنر مختلف وارڈز گئے اور مریضوں کی عیادت کی، بعد ازاں عالمی یوم جذام کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ اسپتال کی حالت دیکھ کر افسوس ہوا، حالت بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں گے، پاکستان سے اب یہ مرض مکمل طور پر ختم ہونا چاہئے۔
