کراچی: بلال کالونی اور سرسید پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے موبائل فون ایکسپرٹ سافٹ ویئر انجینیئر سمیت 6 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
گرفتار ملزمان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف تھانوں کی حدود میں موبائل فون اور نقدی چھیننے کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گرفتارملزمان کی شناخت عطاء اللہ عرف کوہستانی ،جبار خان ولد عالم خان، شوکت ذادہ ولد شوات خان، ستار جمالی، دیدار اور نعمان کے ناموں سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے 6 تیس بور پستول لوڈ میگزین، 30 راؤنڈ اور 15 چھینے ہوئے موبائل فون، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور نقدی برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتارملزم عطاء اللہ سافٹ ویئر انجینیئر ہے اور موبائل فون کی آ ئی ایم ای آئی تبد یل کرنے کا ماہر ہے۔ ملزم نے بتایا کہ وہ نان پی ٹی اے اپرووڈ موبائل فون کی ا ٓ ئی ایم ای آئی تبدیل کرنے کا ماہر ہے، پہلے کبھی کبھار ان ڈکیتوں کے موبائل فون کی آ ئی ایم ای آئی تبدیل کرتا تھا بعد میں ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے متعدد موبائل فون کی آ ئی ایم ای آئی تبدیل کی پرانے اور خراب موبائل فون کی آ ئی ایم ای آئی چھینے ہوئے موبائل فون کے اوپر لگا کردیتا تھا۔ملزمان ستارجمالی اور دیدار وائٹ کرولا گینگ کے مرکزی ملزمان ہیں، ملزمان شکارپور گڑھی یاسین کے رہائشی ہیں۔
ملزمان بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹتے تھے جبکہ ان کا ساتھی عامر رکشہ چلا کر ریکی کرتا تھا۔ملزمان نے سچل کے علاقے میں 70 لاکھ، یوسف پلازہ کی حدود سے 12 لاکھ اور بلال کالونی کی حدود میں نقدی چھیننے کا اعتراف کیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
