دبئی: سابق صدر اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی میت کل پاکستان لائے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرویز مشرف کی میت پاکستان لے کر جانے کے لیے سابق صدر کے اہل خانہ نے دبئی قونصل خانہ میں درخواست کردی ہے، جس کے بعد امکان ہے کہ پرویزمشرف کی میت لینے کیلئے پاکستان سے خصوصی طیارہ کل صبح دبئی پہنچے گا، یہ طیارہ نور خان ائیربیس سے دبئی کے المکتوم ائیرپورٹ پہنچے گا۔
پرویزمشرف 79 برس کی عمر میں متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں انتقال کرگئے، پرویز مشرف طویل عرصے سے بیمار تھے جس کے باعث وہ دبئی میں امریکن یسپتال میں زیر علاج تھے کیوں کہ سابق صدر اور پاک فوج کے سابق سربراہ 18 مارچ 2016ء سے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں علاج کی غرض سے مقیم تھے، عسکری ذرائع سے بھی سابق صدر کے انتقال کی خبر کی تصدیق ہوئی ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سابق آرمی چیف کا جسد خاکی پاکستان لایا جائے گا-
