کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی سمیت ملک کے دیگرشہروں میں کارروائی کے دوران منشیات کی بھاری مقدارتحویل میں لے لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاون کے دوران خفیہ اطلاع پرکراچی کے اتحاد ٹاون کے قریب کارروائی کی گئی،جس کے دوران ملزمان سے4کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی،کارروائی میں 2ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی، بلوچستان سے ڈیرہ اسماعیل خان کے راستے راولپنڈی/اسلام آباد منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنائی گئی،کارروائی میں ٹرک کے فرش میں بنے خفیہ خانوں سے 546کلوگرام چرس تحویل میں لی گئی،اس میں ایک ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی،مانسہرہ سے ہری پوراسمگل کی جانے والی ڈھائی کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اسلام آباد ائرپورٹ پرملکی نجی ائرلائن کی پروازسےدبئی جانے والی خاتون کے سامان سے 2کلو340گرام چرس برآمد کی گئی،جو چنوں میں چھپائی گئی تھی،کارروائی کے دوران خاتون مسافرکو گرفتارکرلیا گیا،اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب کار سے9کلو600گرام چرس برآمد کی گئی،اسلام آباد میں ایک اورکارروائی کے دوران ملزم سے 2کلو400گرام چرس تحویل میں لی گئی، تمام گرفتار مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔
