لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال کا منظر عام پر آنے والی سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی مبینہ آڈیو لیکس کے حوالے سے کہنا ہے کہ آڈیو ٹیپ معمولی ٹیپ نہیں، جس نے نظام عدل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی کی مبینہ ٹیپ آئی جس میں وہ اعلیٰ عدلیہ کے جج کے ساتھ میچ فکسنگ کی کوشش کر رہے ہیں، یہ ٹیپ عدلیہ کے کردار پر ایک سوالیہ نشان بن کر سامنے آئی ہے، پاکستان بار کونسل کی طرح مطالبہ کروں گا کہ اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اگر ٹیپ جھوٹی ہے تو عدلیہ کو نقصان پہنچانے والوں کو سزا ملنی چاہیے، اگر ٹیپ سچی ہے تو یہ عدالتِ عالیہ کے اوپر ایک بڑا دھبہ ہو گا، اس آڈیو لیک پر ذمے داروں کو سزا ملنی چاہیے، یہ سارا بندوبست عمران خان صاحب ہی کر کے گئے ہیں، آڈیو لیکس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
