کراچی:کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں سے مردانہ وارمقابلے کے دوران شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں اوررینجرزاہلکارکی نمازجنارہ ادا کردی گئی جبکہ خاکروب امجد مسیح کی آخری رسومات بھی ادا کردی گئیں۔
سینٹرل پولیس آفس میں شہید پولیس اہلکاروں غلام عباس لغاری اور محمد سعید جبکہ شہید رینجرزاہلکارسب انسپکٹر تیمورشہزاد کی نمازجنازہ ہیڈ کوارٹرپاکستان رینجرزسندھ جناح کورٹس بلڈنگ میں ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت،کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل بابرافتخار،آئی جی سندھ غلام نبی میمن،سینئرصوبائی وزیر سعید غنی،ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اختراوڈھو کے علاوہ،زونل ڈی آئی جیزکراچی،ڈی آئی جیز،فوج،رینجرزاور پولیس کے اعلیٰ افسران اورشہداء کے لواحقین نے شرکت کی،شہدا کے جنازوں کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا۔
بعداز نمازجنازہ شہید رینجرز اہلکارتیمورشہزاد کے جسد خاکی کو آبائی گاؤں شجاع آباد ملتان میں فوجی اعزازکیساتھ تدفین کیلئے روانہ کردیا گیا جبکہ پولیس اہلکاروں اورخاکروب کی میتیں لاڑکانہ،کورنگی اورفیصل آباد بھیج دی گئیں۔
