کراچی :شہر قائد سمیت ملک بھر میں شب معراج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے ، اس موقع پر سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ہیں ۔ مساجد میں چراغاں کیاگیاہے جبکہ محافل کے اختتام پر ملک کی ترقی و خوشحالی اور امن و استحکام کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔
اس موقع پر خصوصی محافل میں واقعہ معراج کی فضیلت بیان کی گئی۔27رجب کی شب حضرت محمد صلی اﷲ علیہ و آلہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا گیا، جب حضرت جبرائیل ؑبراق لے کر نبی آخرالزماںؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی اے اﷲ کے رسولﷺ ، آپ کا رب آپ سے ملاقات چاہتا ہے، حضوراکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم براق پر سوار ہوئے۔
اس مقدس سفر کے دوران آپﷺ مکہ سے مسجد اقصی گئے اور وہاں تمام انبیائے کرام کی نماز کی امامت فرمائی۔ پھر آپ کو آسمانوں میں اﷲ تعالی سے ملاقات کرانے کےلئے لے جایا گیا، وہاں رسول اکرمﷺ کو جنت اور دوزخ بھی دکھائی گئی۔
آپﷺ کی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی کرائی گئی، اسی سفر میں نماز بھی فرض ہوئی ۔
