اسلام آباد:نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے انگلیوں کے نشانات پر مبنی شناخت کے خودکار نظام (اے ایف آئی ایس) کا اجراء کر دیا ہے۔
جس کی بدولت نادرا دنیا کی ان مایہ ناز کمپنیوں کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو سول مقاصدکیلئے یہ شناختی نظام تیار کر رہی ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین نادرا نے کہا کہ جدت درست سمت میں ہو تو نہ صرف اداروں یا حکومتوں بلکہ قوموں کی بھی تعمیر کرتی ہے۔
اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ہم امیگریشن، بارڈر کنٹرول، اور سماجی خدمات کے سلسلے میں افراد کی شناخت کر سکتے ہیں۔
انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کے مقابلے کی بنیاد پر اس نوعیت کے سسٹمز کا معیار طے کرنیوالے اٹلی کے معروف بین الاقوامی ادارے کے مطابق نادر سے ملنے والے نتائج کی درستی کا تناسب 99.5 فیصد درست ہے۔
بائیومیٹرک شناخت کی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے اداروں میں زیادہ تر امریکہ، برطانیہ، روس، جاپان، فرانس، جرمنی، اٹلی، سپین، جنوبی کوریا اور بعض دیگر ملکوں کی کمپنیاں شامل ہیں۔
‘نادر’ کی تیاری کے بعد پاکستان بھی دنیا کے ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو مقامی طور پر اے ایف آئی ایس ٹیکنالوجی تیار کر رہے ہیں جسے بہت جلد عالمی مارکیٹ میں متعارف کرا دیا جائے گا۔
