بانو قدسیہ انتقال کرگئیں

اردو کی مشہور ناول نگار بانو قدسیہ 88 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئیں۔

بانو قدسیہ معروف ادیب اشفاق احمد کی اہلیہ تھیں۔

ڈان نیوز کے مطابق خاندانی ذرائع نے بتایا کہ بانو قدسیہ گذشتہ کچھ عرصے سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں 10روز قبل شوگر اور دل کے عارضہ کے باعث نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ ہفتے کی شام خالق حقیقی سے جا ملیں۔

ان کے انتقال پر ملک بھر کے صحافتی و ادبی حلقوں نے گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔

بانو قدسیہ نے اردو کا مشہور ناول ‘راجہ گدھ’ تخلیق کیا جبکہ لگن اپنی اپنی، ایک دن سمیت کئی دیگر شاہکار بھی تخلیق کیے۔

ناول نگاری کے علاوہ بانو قدسیہ نے ٹی وی کے لیے بھی لکھا جس میں ‘آدھی بات’ سب سے زیادہ مشہور ہوا جبکہ درجنوں ٹی وی پلے بھی تحریر کیے۔

بانو قدسیہ 28 نومبر 1928 کو فیروز پور متحدہ ہندوستان میں پیدا ہوئیں اور گورنمنٹ کالج لاہور سے اردو ادب میں ایم اے کیا جہاں ان کے شوہر اشفاق احمد ان کے ہم جماعت تھے۔

انھوں نے کئی مشہور ناول اردو ادب کو دیے ان میں راجا گدھ، حاصل گھاٹ، ایک دن اور آسے پاسے وغیرہ شامل ہیں۔

بانو قدسیہ کے شوہر اور مشہور ادیب اشفاق احمد 7 ستمبر 2004 کو انتقال کرگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں:

اپنا تبصرہ بھیجیں