Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6131
ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے حوالے سے درخواست چیف جسٹس نے مسترد کردی | زرائع نیوز

ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے حوالے سے درخواست چیف جسٹس نے مسترد کردی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے امریکا کی جیل میں سزا کاٹنے والی پاکستانی خاتون ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے حوالے سے دائر درخواست مسترد کردی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بیرونِ ملک قید پاکستانیوں کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی، اس دوران عدالت کے علم میں یہ بات لائی گئی کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکا کی جیل میں زندہ ہیں۔

خیال رہے کہ عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی حالت زار کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ’آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت کوئی مقدمہ نہیں بنتا‘۔

سماعت کے دوران ڈاکٹر فوزیہ کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل ایڈووکیٹ داؤد غضنفر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کو بھی بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں۔

اس حوالے سے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پاکستانی عدالتیں غیر ملکی معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتیں، اگر ڈاکٹر عافیہ کو امریکا میں قید کیا گیا ہے تو ان کا مقدمہ وہیں چلنا چاہیے۔

چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کسی خودمختار ملک کو ہدایات نہیں دے سکتی۔

اپنی درخواست میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اس بات پرافسوس کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے بیرون ملک قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے کوئی میکانزم تشکیل نہیں دیا گیا، اور کسی بھی جرم میں غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانی انتہائی دردناک مصائب کا سامنا کررہے ہیں، جو ان کو حاصل بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار نے اعلیٰ عدالت سے درخواست کی کہ عدالت حکومت کو احکامات دے کہ جب تک ڈاکٹرعافیہ کو وطن واپس نہ لایا جائے اس وقت تک پاکستان سے قیدی امریکا منتقل نہ کیے جائیں ۔

اپنی درخواست میں ان کا مزید کہنا تھا عدالت حکام کو ہدایات جاری کرے کہ وہ تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان کے لیے امریکی ویزا کے حصول کو ممکن بنائیں، تا کہ وہ اپنی بہن سے ملاقات کے لیے امریکا جاسکیں اور غیرجانبدار ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کے ذریعے عافیہ صدیقی کی جسمانی اور ذہنی صحت کا معائنہ کرایا جائے۔

بشکریہ ڈان نیوز


خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔