کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر شہر قائد کے علاقے لیاری میں پتھراؤ کرنے والے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جب کہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کی شناخت ہوگئی۔
پولیس کے مطابق سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں 13 مقامی افراد اور 400 سے زائد نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا جن کی موبائل کالز سے شناخت ممکن ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں حاجی باوا، رفیق بنگورہ اور اسماعیل سمیت 13 مقامی افراد نامزد ہیں جب کہ مقدمے میں بلوا کرنے، ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایس ایس پی سٹی سمیع اللہ سومرو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی ریلی پر پتھراؤ کرنے والے افراد کی شناخت کرلی گئی ہے تاہم ملزمان گزشتہ روز ہی علاقے سے فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق پتھراؤ کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان کے موبائل فون نمبرز سے ان کی لوکیشن مل گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے حلقہ انتخاب این اے 246 لیاری پہنچے اور ریلی کی صورت میں انتخابی مہم کا آغاز کیا۔
تاہم جیسے ہی ان کی ریلی بہار کالونی پہنچی تو علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور قافلے کو روک لیا۔
مشتعل مظاہرین نے پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے بازی کی اور بلاول بھٹو کے قافلے میں موجود گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے بھی برسائے جس کے بعد انہیں فوری طور پر علاقے سے واپس جانا پڑا۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
