کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور کو ڈاکوؤں کی گولی لگی جس کی وجہ سے وہ جاں بحق ہوا۔
نیو کراچی کے علاقے پاور ہاؤس میں مبینہ مقابلے میں رکشہ ڈرائیور سابق فوجی نفیس خان جاں بحق ہوگئے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ رکشہ ڈرائیور کو ڈاکوؤں کی گولی لگی، ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایس پی نیو کراچی شبیر احمد کا کہنا ہے کہ چار ملزم لوٹ مار کررہے تھے ایک کو گرفتار کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوا، گرفتار ملزم کا دعویٰ ہے کہ مقتول کو پولیس کی گولی لگی ہے۔
مقتول کے بیٹے کے مطابق ان کے والد ریٹائرڈ فوجی ہیں انہوں نے گھر میں بیٹھنا مناسب نہیں سمجھا اور اپنا کام جاری رکھا، آج بھی وہ اپنے کام پر تھے کہ کسی نے ہمیں اطلاع دی کہ آپ کے والد صاحب کی لاش عباسی اسپتال میں رکھی ہے۔
آئی جی سندھ امجد سلیمی نے مبینہ پولیس مقابلے میں رکشہ ڈرائیور کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ کو انکوائری افسر نامزد کرتے ہوئے جامع رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دوسری جانب رات گئے نفیس خان بلوچ کے اہل خانہ عباسی اسپتال پہنچے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقتول کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے تاکہ حقائق کی بنیاد پر قانونی چارہ جوئی کی جاسکے۔
بیٹے کا کہنا تھا کہ والد خود کو صحت مند رکھنے کے لیے رکشہ چلاتے تھے اور ہم گزشتہ تین برسوں سے کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
