اسلام آباد: حکومت پاکستان نے جیش محمد سے اظہار لاتعلقی کردیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا کالعدم تنظیم جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
برطانوی جریدے کو دیے جانے والے انٹرویو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین ہر دہشت گرد تنظیموں کی کوئی جگہ نہیں، دہشتگرد تنظیموں کے خلاف حکومت آج جو اقدامات کررہی ہے اُس طرز کے ماضی میں کبھی اقدامات نہیں ہوئے۔
عمران خان نے اعلان کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے گا، نئے پاکستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
پلوامہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملہ مودی کی مسلم مخالف حکومت اورمقبوضہ کشمیرمیں ان کی سخت پالیسیوں کا نتیجہ ہے، پلوامہ واقعہ مودی حکومت نے جنگی جنون پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ مودی حملے سے دونوں ممالک کو جنگ کے دھانے پر لے آئے، بھارتی وزیراعظم مودی ایک ہیجان زدہ شخص ہیں، بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے، بھارت کے عام انتخابات سے قبل کچھ ہوسکتا ہے۔
عمران خان نے ملک کی معیشت کے حوالے سے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ اس بار پاکستان آخری بار آئی ایم ایف سے رجوع کرے گا، چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے جس پر اس کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے کہا یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان چین کی کلائنٹ(گاہک) ریاست بن چکا ہے، ہم پاکستانی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔
