اسلام آباد: مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داﺅد کے بیان پر پاکستانیوں نے اظہار حیرانی کیا ہے کیونکہ انہوں نے غیر متوقع بیان دیا۔
عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ پاکستان کنگال ملک ہے، اسٹیل ملز کو دیانتداری سے چلایا جاتا تو یہ ایک اثاثہ ہوتا لیکن بدقسمتی سے اسے بند کردیا گیا۔
انہوں نے یہ بات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کی۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ سٹیل ملزکا حال دیکھ کر خون جلتا ہے سٹیل ملز کو دیانتداری سے چلایا جاتا تو یہ ایک اثاثہ ہوتا لیکن بدقسمتی سے ایسا کچھ نہیں ہوا اور اس میں کرپشن شروع ہوگئی اور پھر اسے بند کردیا گیا، سٹیل ملز کا سب کچھ جام ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سٹیل ملز کے مستقبل پر 8 اپریل کو ای سی سی کو بریفنگ دیں گے، پاکستان کنگال ملک ہے، چیئرمین اسٹیل ملزبورڈ کو کہا کہ کوئی اس طرح اسٹیل ملزبند کرتا ہے، پاکستان سٹیل ملک کا بہترین اثاثہ تھا۔
