Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6170
اردو ادب سوگوار، معروف محقق ، ادیب اور دانشور ڈاکٹر جمیل جالبی انتقال کرگئے | زرائع نیوز

اردو ادب سوگوار، معروف محقق ، ادیب اور دانشور ڈاکٹر جمیل جالبی انتقال کرگئے

کراچی: اردو زبان کی ادبی خدمات کا سب سے بڑ ا ایوارڈ ’کمال فن ایوارڈ‘ حاصل کرنے والے پاکستان کے معروف محقق، نقاد، ادیب اور دانشور ڈاکٹر جمیل جالبی 89 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

ادبی شخصیت کے انتقال پر سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے انتقال کو بڑا نقصان قرار دیا، کیونکہ وہ اردو ادب کا بہت بڑا نام تھے جس کی لازوال خدمات ہیں۔

سفرِ زندگی

ڈاکٹرجمیل جالبی 12 جون 1929 کو علی گڑھ میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام محمد جمیل خان ہے۔ ڈاکٹر جمیل جالبی نے ہندوستان، پاکستان کے مختلف شہروں میں تعلیم حاصل کی تاہم ابتدائی تعلیم کا آغاز آبائی علاقے علی گڑھ سے ہی کیا۔ تقسیم ہند کے بعد 1947 میں ڈاکٹر جمیل جالبی پاکستان آگئے، یہاں جمیل جالبی کو بہادر یار جنگ ہائی اسکول میں بطور سربراہ فرائض انجام دیتے رہے۔

جمیل صاحب نے ملازمت کے دوران ہی ایم اے اور ایل ایل بی کے امتحانات پاس کیے۔ سندھ یونیورسٹی سےقدیم اُردو ادب پر مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی اور مثنوی کدم راؤ پدم راؤ پر ڈی لٹ کی ڈگریاں حاصل کیں۔ ملازمت سے ریٹائر ہونے کے بعد باقاعدہ طور پر ادبی سرگرمیوں میں مصروف ہوئے۔

انہوں نے ماہنامہ ساقی میں معاون مدیر کے طور پر خدمات سر انجام دیں، اس کے علاوہ انہوں نے اپنا ایک سہ ماہی رسالہ نیا دور بھی جاری کیا۔ ڈاکٹر جمیل جالبی 1983 میں کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پھر مقتدرہ قومی زبان کے چیئرمین تعینات ہوئے اس کے علاوہ اردو لغت بورڈ کراچی کے سربراہ بھی رہے۔ آپ کا سب سے اہم کام قومی انگریزی اردو لغت کی تدوین اور تاریخ ادب اردو، ارسطو سے ایلیٹ تک، پاکستانی کلچر: قومی کلچر کی تشکیل کا مسئلہ جیسی اہم کتاب کی تصنیف و تالیف ہے۔

ڈاکٹر جمیل جالبی نے متعدد انگریزی کتابوں کے تراجم بھی کیے جن میں جانورستان، ایلیٹ کے مضامین، ارسطو سے ایلیٹ تک شامل ہیں جبکہ بچوں کے لیے ان کی قابل ذکر کتابیں حیرت ناک کہانیاں اور خوجی ہیں۔