کراچی: پاکستان کے معروف سائنسدان اور تعلیم دان پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمٰن کودنیا کی معروف ’’وال آف سائنٹسٹ‘‘میں شامل کر لیا گیا۔
یہ ’’وال آف سائنٹسٹ‘‘ سوئٹزرلینڈ کی مشہورانجینئرنگ یونیورسٹی سوئس فیڈرل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی جانب سے نمایاں کی گئی ہے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر عطا الرحمٰن مسلم دنیا سے پہلے سائنسدان ہیں جن کو اس وال میں شامل کیا گیا ہے اس میں صرف دنیا کے نمایاں سائنسدانوں کو ہی شامل کیا جاتا ہے۔سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی دنیا میں صف اول کی جامعات کی فہرست میں12ویں نمبر پر ہے۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اورآئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے پروفیسر عطا الرحمٰن کو مبارکباد یتے ہوئے اسے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پوری قوم کیلئے اعزازقرار دیا ہے۔