فطرے کی کم از کم رقم مقرر

کراچی: ہر سال کی طرح امسال بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے فطرے کی رقم مقرر کردی اسی طرح انہوں نے روزے کا فدیہ بھی مقرر کیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے پاکستان میں رواں سال فطرہ اور روزے کا کم از کم فدیہ 100روپے مقرر کیا اس ضمن میں مفتی عبدالرزاق نقشبندی (ترجمان مفتی منیب) کا کہنا تھا کہ شرعی تعلیمات کے حساب سے رواں سال صدقہ الفطر، فدیہ اور صوم کو کفارے کے نصاب کا اعلان کردیا گیا۔

علماء کرام کی رائے اور مفتی منیب الرحمان کی منظوری کے بعد رواں برس فی کس فطرے کی رقم مبلغ 100 روپے مقرر کی گئی۔ فطرے کی رقم دو کلو آٹے کی رقم رکھی گئی، اسی طرح صویہ صوم 3 ہزار، کفارہ صوم (برائے 60 مساکین) 6 ہزار روپے، کفارۂ قسم 1 ہزار روپے مقرر کیا گیا۔

اہل ثروت لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی مالی حیثیت کے مطابق فطرہ و فدیہ ادا کریں۔

فطرے، فدیے، کفارہ صوم اور فدیے کے لیے چار کلو جوَ کی قیمت بالترتیب 400، 12000، 24000 اور چار ہزار مقرر کی گئ، اسی طرح کھجور ، کشمش اور پنیر کی بھی چار چار کلو کی قیمتوں کا نصاب مقرر کیا گیا۔ کفارہ صوم کی صورت میں 60 مساکین کو کھانا کھلایا جائے یا پھر گندم کے نصاب سے 6 ہزار روپے جو کے نصاب سے 19200، کھجور اور کشمش کے نصاب سے 96000 روپے ادا کیئے جائیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی پاکستان میں صدقہ فطر کا نصاب سو روپے مقرر کیا گیا تھا۔