بلال خان کا قتل، میجر جنرل آصف غفور نے اسکرین شارٹ شیئر کردیے

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوان بلاگر محمد بلال خان کے قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کردی۔

تفصیلات کے مطابق دو روز قبل اسلام آباد میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے محمد بلال خان کے قتل پر تقریبا سب ہی لوگوں نے شدید الفاظ میں مذمت کی اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل غفور نے بلاگر بلال خان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ افراد معاملے پر بیرونی میڈیا کا ایجنڈا فالو کرتےہوئے ملکی اداروں پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔

اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے نامور بلاگر کو وفاقی دارالحکومت میں خنجر کے وار سے قتل کیا گیا جبکہ اُن کے بھائی واقعے میں زخمی ہوئے۔ بے باکانہ انداز سے لکھنے والے بلال خان کے قتل پر سوشل میڈیا صارفین سرآپا احتجاج ہوئے اور انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

نوجوان بلاگر بلال خان کا قتل ، سوشل میڈیا پر احتجاج

بلال خان نے اپنے قتل سے چار گھنٹے قبل فیس بک پر پوسٹ کی تھی جس کے بعد انہیں کچھ دوستوں کا فون آیا اور وہ اپنے بھائی کے ہمراہ چچا کی موٹرسائیکل لے کر اُن سے ملنے کے لیے گئے۔ دائیں بازو کی سوچ کے حامل بلاگر کے قتل پر بائیں بازوں کے لوگوں نے بھی آواز بلند کی اور انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔