لندن: برطانیہ کے وزیرخارجہ جیرمی ہنٹ نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اہم معاملے پر وضاحت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے صحافی مرتضیٰ علی شاہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے جیرمی ہنٹ کا کہنا تھا کہ ’’بہت صاف انداز میں وضاحت کرتا ہوں کہ برطانوی حکومت کے دستخط شدہ معاہدے میں سیاسی بنیادوں پر ملزمان کی حوالگی نہیں ہوگی‘‘۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے بھی جیرمی کے مؤقف کی تائید کی اور بتایا کہ ’پاکستان حوالگی کے معاہدے کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتا۔‘
برطانوی وزیرخارجہ سے پوچھا گیا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کے معاہدے میں برطانیہ کیسے یقینی بنائے گا کہ اسے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
https://twitter.com/MurtazaViews/status/1141334824189251584
شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سزائے موت کے حوالے سے بھی قانون میں ترمیم کر رہا ہے تاکہ برطانیہ کے ساتھ ملزمان کی حوالگی کے معاہدے میں رکاوٹ دور کی جا سکے۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کا مؤقف تھا کہ بانی ایم کیو ایم، سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، حسین ، حسن نواز سمیت برطانیہ میں مقیم کئی مقدمات میں مطلوب ملزمان کو جلد پاکستان لایا جائے گا، بالخصوص اسحاق ڈار کے حوالے سے ایک معاہدہ بھی دستخط ہوگیا۔
https://twitter.com/MurtazaViews/status/1141337548138008576
ساتھ ہی برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی کرپشن کے خاتمے کی کوششیں خوش آیند ہیں، ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بات چیت آگے بڑھی ہے، ترقی کا راستہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خاتمے میں ہے۔
جیرمی ہنٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، برطانیہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال سیاسی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں کرے گا۔
