اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے تیرہ سال جیل کاٹی جبکہ ہمارا وزیراعظم تو چھپکلی تک سے ڈرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جج ارشد ملک کی زیر صدارت ہوئی جس میں آصف علی زرداری کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں پیش کیا گیا۔
اس موقع پر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔ سماعت کے دوران 3 ملزمان کو ہتھکڑیوں میں دیکھ کر آصف زرداری روسٹرم پر خود آئے اور انہوں نے کہا کہ یہ وائٹ کالر کرائم ہے، یہ ڈکیت نہیں اور نہ ملک دشمن عناصر ہیں، یہ پڑھے لکھے لڑکے ہیں انہیں ہتھکڑی کیوں لگا رکھی ہے؟ عدالت جو بھی فیصلہ کرے ہم اُسے قانونی طریقے سے قبول کریں گے مگر نیب ملزمان کے ساتھ اچھا سلوک کرے۔
