کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈاکٹر خلیل نامی نوسر باز آجکل سرگرم ہے جو نوجوانوں کو گھیر کر انہیں جناح اسپتال میں نوکری کا لالچ دیتا ہے اور انتہائی مہارت کے ساتھ انہیں لوٹ کر فرار ہوجاتا ہے۔
گزشتہ دنوں ڈاکٹر خلیل کی ملاقات ایک نوجوان سے ہوئی جس نے ذرائع نیوز کے نمائندے کو بتایا کہ اُسے نوسرباز نے اپنا تعارف کرانے کے بعد حال چال پوچھا اور جناح اسپتال میں بغیر پیسوں کے نوکری دلانے کا لالچ دیا۔
نوجوان کے مطابق دوسرے روز مبینہ ڈاکٹر نے اُسے جناح اسپتال انٹرویو کے لیے بلایا اور پھر ملاقات کے بعد دوپہر کے کھانے پر لے جانے کی بھی پیش کش کی۔ نوسرباز نوجوان کو لے کر شاہراہ فیصل پر واقع ایک ریسٹورنٹ میں پہنچایا جہاں دونوں نے کھانا کھایا اور پھر پارسل بھی کروایا۔
اسی دوران ڈاکٹر خلیل نے نوجوان کو بولا کہ جو ہوٹل کا ملازم کھانا لے کر آیا اُسے یہ بچا ہوا دینا ہے اس لیے وہ باہر کھڑا ہے، میرے موبائل میں بیلنس نہیں تم اپنا موبائل دو تاکہ اُس سے رابطہ کر کے کھانا حوالے کردوں۔ڈاکٹر خلیل ریسٹورنٹ سے نوجوان کا فون اور بچا ہوا کھانا لے کر نکلا جس کے بعد وہ واپس نہیں آیا۔
ریسٹورنٹ میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اُس کی تصویر اور ویڈیو سامنے آگئی ہے، نوجوان نے اپیل کی ہے کہ اگر وہ اس فراڈیے کو جانتے ہیں تو اُسے سے 03123558401 نمبر پر رابطہ کریں۔
