لندن: ایم کیو ایم کے پہلے کنونیئر اور سابق رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ عمران اور بچے کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
شمائلہ عمران کے ٹویٹر سے اُن کے صاحبزادے نے ایک ٹویٹ کے ذریعے مطلع کیا کہ اُن کی والدہ نے جب سے جیو ٹی وی کی رپورٹ دیکھی تب سے وہ ہوش و ہواس میں نہیں کیونکہ اُن کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ ’’جیو کی رپورٹ جب سے میری والدہ نے دیکھی وہ اپنے ہواس میں نہیں اور مجھے بہت سارے نمبرز سے معلومات حاصل کرنے کے لیے کالز بھی موصول ہوئیں مگر میں اپنی والدہ کی طبیعت ٹھیک ہونے کے بعد سب کو جواب دوں گا‘‘۔
عمران فاروق کے صاحبزادے نے اپیل کی کہ ہماری نجی زندگی پر کسی بھی تبصرے سے گریز کریں۔
قبل ازیں ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ایم کیو ایم کے سابق مرکزی رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ فاروق اور ان کے 2 بیٹے عالیشان اور وجدان انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں اور شمائلہ بے گھری کے خطرے سے بھی دوچار ہیں کیونکہ فلیٹ کے مالک نے انہیں گھر خالی کرنے کا نوٹس دے دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شمائلہ فاروق نہ صرف شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں بلکہ وہ کئی ماہ سے مکان تلاش کررہی ہیں اور کوئی انہیں مکان کرائے پر دینے کو تیار نہیں ہے۔
یاد رہے کہ شمائلہ عمران فاروق نومبر 2016 میں جبڑا ٹوٹ جانے کے باعث اسپتال میں داخل ہوئی تھیں، جس کے بعد اُن کے آپریشنز ہوئے تاہم وہ اب بھی صحت یاب نہیں اور بغیر سہارے کے چل نہیں سکتیں۔
شمائلہ عمران اپنے دونوں صاحبزادوں کے ساتھ لندن کے پسماندہ علاقے میں ایک پیزا شاپ اور مکینک کی ورک شاپ کے اوپر ایک چھوٹے سے بوسیدہ فلیٹ میں مقیم ہیں جب کہ شمائلہ فاروق صحت کے مسائل کی وجہ سے تقریباً مفلوج ہوگئی ہیں۔ دوسری جانب بانی ایم کیو ایم نے شمائلہ عمران کی تشویش ناک حالت پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
My mother has fallen unconscious after seeing this report on Geo News. I have received hundreds of messages and inquiries but I will respond when my mother is well. I will appeal for privacy for now https://t.co/GpZH87ElF0
— Mrs. Imran Farooq (@shumailasyeda) July 24, 2019
