بانی ایم کیو ایم کی واپسی کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان قومی موومنٹ اور متحدہ نے 21 جنوری کو استحکام پاکستان ریلی نکالنے کا اعلان کردیا، ریلی عائشہ منزل سے مزار قائد تک نکالی جائے گی جس سے الطاف حسین سمیت دیگر رہنما بھی خطاب کریں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے کنونیر ندیم نصرت نے کہا ہے کہ 21 جنوری کو استحکام پاکستان ریلی عائشہ ریلی سے مزارِ قائد تک نکالی جائے گی جس سے بانی ایم کیو ایم سمیت دیگر رہنما بھی خطاب کریں گے۔

یہ بات متحدہ قومی موومنٹ کے کنونیرندیم نصرت نے لندن سے براہ راست کی گئی پریس کانفرنس میں کی، پریس کانفرنس کا انعقاد پاکستان قومی موومنٹ کے سربراہ سید اقبال کاظمی نے اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں کیاتھا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے کنونیر ندیم نصرت نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم 22 اگست کو کی گئی اپنی تقریر میں متنازعہ نعرہ لگانے پر ایک سے زائد بار تحریری اور زبانی معذرت کر چکے ہیں جس کے بعد اب یہ معاملہ ختم ہوجانا چاہیے تھا لیکن اس کے باوجود ہمارے مرکزی دفتر سمیت 250 سے زائد مقامی دفاتر کو مسمار کیا گیا۔

ندیم نصرت نے کہا کہ استحکام پاکستان ریلی کے ذریعے وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے جس میں پاکستان قومی موومنٹ کے رہنما اور کارکنان بھی ساتھ موجود ہوں گے، ریلی کے اختتام پر مزار قائد پر جلسہ ہوگا جس سے پاکستان قومی موومنٹ کے چیئرمین اقبال کاظمی اور بانی ایم کیو ایم خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے کے مقررین ریلی ملکی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے اہم اعلانات سمیت ایم کیو ایم کے آئندہ کے لائحہ اور پالیسی سے بھی عوام کو آگاہ کریں گے۔

قبل ازیں دونوں جماعتوں کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس نیشنل پریس کلب میں کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے انتظامیہ کو دباؤ میں لاکر پریس کانفرنس ملتوی کروانے پر زور دیا، بعد ازاں دونوں جماعتوں نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کر کے اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں:

اپنا تبصرہ بھیجیں