کراچی: سیرت النبی ﷺ فاؤنڈیشن (رجسٹرڈ) کے تحت ہونے والی سالانہ سیرت النبی کانفرنس کا اعلان کردیا گیا جس کے مطابق پروگرام 23 نومبر بروز ہفتے کو منعقد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چھٹی عظیم الشان سیرت النبی ﷺ کانفرنس 23 نومبر بروز ہفتہ بعد نماز عشاء بمقام المصطفیٰ چوک لیاقت آباد سی ون ایریا نزد باب الاسلام مسجد کو منعقد کی جائے گی جس میں شیخ الحدیث عبداللہ ناصر رحمانی سمیت دیگر معزز علماء کرام درس ارشاد فرمائیں گے۔
سیرت النبی ﷺ فاؤنڈیشن کے تحت ہونے والی کانفرنس میں جید عالم دین ابراہیم بھٹی، ترجمان اہل حدیث قاری خلیل الرحمان جاوید، یوسف قصوری، ابراہیم جونا گڑھی، وقاص احمد فاروقی اور مزمل لودھی اپنے منفرد لب و لہجے میں نبی ﷺ کی سیرت مبارکہ بیان کریں گے۔ ہر سال کی طرح امسال بھی خواتین کے لیے پردے کا باقاعدہ اہتمام کیا جائے گا جبکہ شرکا کے لیے ضیافت کا انتظام بھی ہوگا۔
یاد رہے کہ کانفرنس کے انعقاد کا آغاز 6 برس قبل ہوا تھا، ابتدائی سالوں میں منتظمین کو شدید مشکلات کا سامنا تھا البتہ اہل علاقہ کے تحفظات دور کرنے کے بعد اب پروگرام کی باقاعدہ اجازت حاصل کر کے اسے منعقد کیا جاتا ہے، علاقہ مکینوں اور رہائشیوں کا تعاون بھی فاؤنڈیشن کے ساتھ ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ پروگرام میں استعمال ہونے والی خطیر رقم عوامی چندے پر مشتمل ہوتی ہے جبکہ مخیر حضرات بھی بڑھ چڑھ کر تعاون کرتے ہیں۔