Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6170
فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے ملک پر لگا بدنما داغ دھو ڈالا، جی ڈی اے | زرائع نیوز

فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے ملک پر لگا بدنما داغ دھو ڈالا، جی ڈی اے

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے نیب ترمیم سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے ترامیم کر کے جو پاکستان پر بدنما داغ لگایا تھا آج سپریم کورٹ نے اس کو دھو دیا ہے۔

 سپریم کورٹ کے نیب ترمیم سے متعلق فیصلے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی و رہنما جی ڈی اے سید زین شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کی کئی شقیں کالعدم قرار دینے اور نیب مقدمات بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  پارلیمنٹ نے ترامیم کر کے جو پاکستان پر بدنما داغ لگایا تھا آج سپریم کورٹ نے اس کو دھو دیا ہے، امید ہے کہ نئے آنے والے چیف جسٹس ملک کے مفاد کی خاطر اس فیصلے کو قائم رکھیں گے۔

اپنے بیان میں سید زین شاہ نے کہا کہ نیب ترامیم بدنیتی پر مبنی اور کرپٹ ٹولے کو فائدہ پہنچانے کیلیے کی گئیں، سپریم کورٹ کے اس تاریخی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے  ہیں،  سپریم کورٹ نے ملک کے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک بابصیرت، دانشمندانہ اور درست فیصلہ سنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا خزانہ لوٹ کر ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں کرپٹ ٹولے کا احتساب کیا گیا تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نگراں حکومت کرپٹ حکمرانوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے گی اور ملک کا لوٹا ہوا خزانہ واپس لائے گی،