ریاض: سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کہا ہےکہ مملکت بھر کی مساجد میں جمعہ اور جماعت کی نماز پر پابندی کو اٹھایا نہیں گیا بلکہ یہ برقرار ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے یہ وضاحتی بیان سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان افواہوں کی تردید میں ٹویٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر جاری کیا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر افواہ گرم تھی کہ مملکت کی مساجد میں جمعہ اور جماعت کی نماز جلد بحال ہوجائے گی، مسجد الحرام کے اطراف کے رہائشی باجماعت نماز ادا کرسکیں گے جبکہ مدینہ میں مسجد نبوی ﷺ کے اطراف رہنے والوں کو مئی کے آغاز پر اجازت دے دی جائے گی۔
یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ تاریخیں متعین کردی گئی ہیں- کسی بھی وقت اعلان کردیا جائے گا. وزارت اسلامی امور نے بیان میں مزید کہا کہ عام مساجد اور جامع مساجد میں نماز پر پابندی کا سلسلہ ہنوز برقرار ہے تاہم مساجد کی صفائی، اصلاح و مرمت اور سینیٹائزنگ کی کارروائی حفاظتی تدبیر کے طور پر کی جارہی ہے. بیان کے مطابق بعض لوگوں نے مساجد میں صفائی، اصلاح و مرمت اور سینیٹائزنگ کی کارروائی کے مناظر دیکھ کر اپنی طرف سے یہ نتیجہ نکال لیاتھا کہ یہ مساجد کھولنے کی جانب پہلا قدم ہے. کئی لوگ اس میں اضافہ کرکے یہ بات بھی کہہ رہے تھے کہ مساجد بہت جلد کھلنے والی ہیں.
یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدبیر کے طور پر 17 مارچ 2020 کو مساجد میں نماز پر پابندی کا اعلان کیا تھا.
