Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6170
حکومت کا پاکستان میں‌ موجود غیرملکیوں کے لیے بڑا اعلان، بڑی سہولت دے دی | زرائع نیوز

حکومت کا پاکستان میں‌ موجود غیرملکیوں کے لیے بڑا اعلان، بڑی سہولت دے دی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی وبا کووِڈ 19 کے باعث پاکستان میں پھنسے غیر ملکیوں کے ویزوں میں 2 ماہ کی توسیع کردی، وزارت داخلہ نے اس ضمن میں نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا جس کے بعد اب وہ ویزے جن کی مدت ختم ہوچکی تھی انہیں 30 جون تک قابلِ عمل سمجھا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کے مطابق مذکورہ فیصلہ کووِڈ 19 بیماری کے پھیلنے کے تناظر میں اٹھا یا گیا اور ’عوام کے ایک ساتھ اکٹھا ہونے‘ کے ذریعے وائرس کا پھیلاؤ روکنےکے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کا حصہ ہے۔ مذکورہ نوٹیفکیشن گزشتہ اعلامیے کا تسلسل ہے جسے رواں ماہ کے اوائل میں جاری کیا گیا تھا اور غیر ملکیوں کے ہر قسم کے ویزوں میں 30 اپریل تک توسیع کردی گئی تھی۔

وزارت کی جانب سے جاری حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس توسیع کا اطلاق 15 مارچ سے 30 جون تک ایکسپائر ہونے والے تمام ویزوں پر ہوگا اور ’اس قسم کے تمام ویزے 30 جون تک قابل عمل سمجھے جائیں گے‘۔وزارت داخلہ کی جانب سے اس فیصلے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن ڈپارٹمنٹ اور امیگریشن اور پاسپورٹ کے ڈائیریکٹوریٹ جنرل کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک نے اندرونِ یا بیرونِ ملک پروازوں کا سلسلہ معطل کردیا تھا جس کے بعد ہزاروں افراد مختلف ممالک میں پھنس گئے تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزارت داخلہ نے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ جن پاکستانی صارفین کے شناختی کارڈ یا پاسپورٹ ایکسپائر ہوگئے ہیں اُن کی تاریخ تنسیخ کو تیس جون تک بڑھا دیا گیا ہے، یہ فیصلہ کرونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر کیا گیا۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے تمام ہی سرکاری دفاتر میں پبلک ڈیلینگ کو مکمل بند کیا ہوا ہے جبکہ ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفاتر میں حاضری یقینی بنائیں، اسی طرح چند لوگوں کو گھر سے بیٹھ کر کام کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

جن اداروں کو بند کرنے سے بہت زیادہ عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا اُن میں نادرا، پاسپورٹ آفس، وزارت داخلہ، ایف بی آر سمیت دیگر شامل ہیں۔