شہر میں مکھیوں اور جراثیم کی بہتات، الخدمت میدان میں آگئی

الخدمت نے کمر کس لی، شہریوں کی خدمت کے لیے عملی اقدامات شروع

کراچی (نمائندہ خصوصی )ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا ہے کہ شہر میں پیر کے روز سے جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ عید الاضحی اور مون سون سیزن شروع ہونے کے بعد جو مکھیوں، مچھروں اور دیگر حشرات پیدا ہوئے ہیں انہیں ختم کیا جا سکے، اس مہم میں الخدمت ہمارے ساتھ ہے جن کے تعاون سے ہر ضلع میں اسپرے مہم باقاعدگی سے چلائی جائے گی،یہ اسپرے مہم انتہائی فعال اور مؤثر انداز میں چلانے کے لیے الخدمت کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے ہیں، یہ بات انہوں نے اسپرے مہم کا آغاز کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز ایس ایم طحہٰ، ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد، ڈائریکٹر میونسپل پبلک ہیلتھ مجدد اسرانی، طارق مصطفی،الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین، کوآرڈینیٹر الخدمت منظر عالم بھی اس موقع پر موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ مون سون سیزن میں شہریوں کو ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ مؤثر انداز میں شہر بھر میں اسپرے کیا جائے، انہوں نے کہا کہ یہ اسپرے مہم کراچی کے تمام اضلاع میں چلائی جائے گی اور رو زانہ کی بنیاد پر اسپرے کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اور الخدمت مشترکہ طور پر مہم چلائیں گے اور دونوں ادارے باقاعدگی سے اس کی نگرانی بھی کریں گے، انہوں نے کہا کہ آج سے ضلع جنوبی میں کام شروع کر دیا گیا ہے اسی طرح بتدریج ہر ضلع میں یہ مہم چلائی جائے گی اس کے لیے کے ایم سی نے 35گاڑیاں اور تربیت یافتہ عملہ فراہم کیا ہے جبکہ الخدمت گاڑیوں کا ڈیزل اور اسپرے کے لیے ادویات فراہم کرے گی، انہوں نے کہا کہ پورا شہر کورونا وبا کی زد میں ہے، شہری انتہائی احتیاط سے کام لیں تاکہ اس جان لیوا وبا سے نمٹا جا سکے، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی یہ چوتھی لہر انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے، ہمیں اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ اپنی جانوں سمیت دوسرے شہریوں کی قیمتی جانیں بھی بچائی جاسکیں، الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بڑا اہم دن ہے الخدمت نے کے ایم سی کے ساتھ شہر کی خدمت کے جذبے سے اسپرے مہم کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، انہوں نے کہا کہ الخدمت ایسی تنظیم ہے جو شہر کی ضروریات پوری کرنے کی کوشش کرتی ہے، انہوں نے کہاکہ مون سون کے بعد مکھی اور مچھر پیدا ہوتے ہیں جس سے بے شمار بیماریاں جنم لیتی ہیں، انہوں نے کہا کہ شہری ادارے اور سول سوسائٹی مل کر کام کریں گے تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے،انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک قومی ادارہ ہے اور آئندہ بھی مختلف فلاحی منصوبوں میں کے ایم سی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا، دونوں اداروں کا مقصد شہر کی خدمت ہے،انہوں نے کہاکہ الخدمت زندگی کے 7مختلف شعبہ جات میں کام کررہی ہیں جس میں صحت‘ تعلیم‘ کفالت‘ یتامیٰ‘ صاف پانی‘ روزگار‘ کمیونٹی سروسز اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ شامل ہیں، قبل ازیں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور الخدمت کے تحت مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، کے ایم سی کی جانب سے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز سید محمد طحہٰ اور الخدمت کی جانب سے قاضی سید صدر الدین نے دستخط کیے اور اسپرے مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: