پولیس کے موٹر سائیکل لفٹرزبےلگام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر کے علاقے میں موبائل مارکیٹ کے قریب ٹریفک پولیس کے موٹر سائیکل لفٹرز نے شہری کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ،

ٹریفک پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ شہری کو اپنا ہی چشمہ ٹوٹ کر لگنے سے زخم آئے ، تفصیلات کے مطابق جمعرات کی دوپہر صدر کے علاقے میں لکی اسٹار کے قریب قائم موبائل مارکیٹ کے سامنے ٹریفک پولیس کے موٹر سائیکل لفٹر نے شہری کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ،

تشدد کے باعث احمد نامی شہری کے چہرے پر زخم آیا جس سے خون بہنا شروع ہوگیا ، واقعے کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ،

شہری نے دعویٰ کیا اس نے موبائل مارکیٹ کے سامنے موٹر سائیکل پارک کی اور جب اپنا کام ختم کرکے واپس آیا تو اس کی موٹر سائیکل اٹھائی جارہی تھی جس پر اس نے لفٹر کو روکنا چاہا ، اسی دوران عملے سے اس کی تلخ کلامی ہوگئی

اور عملے نے اس پر تشدد کیا ، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا ،

اس سلسلے میں کے رابطہ کرنے پر سیکشن آفیسر (ایس او) لکی اسٹار انسپکٹر امتیاز نے بتایا کہ شہری اور لفٹر کے عملے کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور اس دوران شہری کو اپنا ہی چشمہ ٹوٹ کر چہرے پر لگ گیا

جس سے اسے زخم آئے ، واقعے کے بعد دونوں فریقین پریڈی تھانے پہنچے جہاں بات چیت کے بعد باہمی رضامندی سے معاملہ ختم کردیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: