ایڈمنسٹریٹر کراچی شہریوں کو سہولیات دینے کیلیے پُرعزم

ایڈمنسٹریٹر کراچی۔ مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کی مختلف سڑکوں، نالوں کی بحالی،سیوریج نظام کی درستگی اور پیور بلاک کی تنصیب کا کام جاری ہے،بارشوں سے متاثرہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنارہے ہیں،ہر ممکن کوشش ہے کہ ترقیاتی کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولت ملے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کہی،متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے آئی آئی چندریگر روڈ، ممتاز حسن روڈ اور بوٹ بیسن کلفٹن پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور افسران کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی، ضیاء الدین نالہ کے دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ یہ نالہ خستہ حالی کا شکار تھا،اسے بہتر کررہے ہیں،نالے کی صفائی کے لئے بھاری مشینری استعمال کی جارہی ہے اور متا ثرہ حصے کی مرمت بھی کی جارہی ہے جس سے نالے کا بہاؤ بہتر ہوگا اور نکاسی آب کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہوجائے گی۔

انہوں نے کلفٹن بوٹ بیسن پر کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں، پروجیکٹ ڈائریکٹر نذیر میمن نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پروجیکٹ کے تحت شون چورنگی سے لے کر بلاول ہاؤس چورنگی تک پورے حصے میں تعمیراتی کام کئے جا رہے ہیں جن میں سے متعدد تکمیل کے مراحل میں ہیں، بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ اور اطراف کی سڑکوں اور فٹ پاتھ کو سرسبز اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے اور چوراہوں پر مختلف مونومنٹ نصب کئے جا رہے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر مقامی تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ کی تکمیل سے شہر میں ایک اور اچھے منصوبے کا اضافہ ہوگا اور اس سے نہ صر ف شہر کی خوبصورتی بڑھے گی بلکہ شہریوں کو اس علاقے میں آمدورفت کی سہولت بھی میسر آئے گی اور یہ پروجیکٹ کراچی کے شہریوں کے لئے ایک خوشگوار تحفہ ثابت ہوگا.

انہوں نے کہا کہ شہر کے جس حصے میں بھی بحالی اور ترقی کے کام ہو رہے ہیں وہاں کے مکینوں اور کاروباری افراد کو اعتماد میں لے کر اور ان کی مشاورت سے حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس کا مقصد شہریوں کو ترقیاتی عمل میں شریک رکھنا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی نیبر ہڈ پروجیکٹ فیز ٹو میں شون سرکل تا بوٹ بیسن پورے علاقے کی ترقی، بلاول چورنگی تک پیڈسٹرین ڈویلپمنٹ اور فوڈ اسٹریٹ کا قیام شامل ہے، پروجیکٹ کے تحت پانچ پبلک پارکس کی بحالی، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے، جدید طرز کے پارکس کی تعمیر سے بوٹ بیسن اور ملحقہ علاقے کے عوام کو بہترین تفریحی سہولیات حاصل ہوئی ہیں، شہری مقامات کو خوبصورت اور ماحول دوست بنا رہے ہیں، دنیا کے دیگر بڑے شہروں کی طرز پر مقامی ثقافت کے فروغ کے لئے مونومنٹ بنائے جا رہے ہیں، کراچی کے تین اضلاع میں کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت متعدد کام جاری ہیں جنہیں تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے،ان کا مقصد کراچی کے شہریوں کو جدید دور کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: