گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ مجھے پاکستان اور کراچی کا اردو بولنے والا بیٹا ہونے پر فخر ہے۔
گورنر ہاؤس میں سندھی کلچرل ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں پاکستان کا بیٹا ہوں، میں کراچی کا اردو بولنے والا بیٹا ہوں، مجھے سندھ دھرتی پر رہنے پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اردو زبان نے سکھایا کہ جس دھرتی پر رہتے ہیں اس کی ثقافت سے کیسے محبت کی جاتی ہے، گورنر کے عہدے پر فائز ہوتے ہی سوچا کہ جس دھرتی ہیں اس کو شان سے کیسے منایا جائے، یہ دھرتی قلندروں کی دھرتی ہے، اس دھرتی میں لعل شہباز قلندر ، سچل سرمست ، عبدللہ شاہ غازی جیسے صوفی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوفیوں کے کلام پر نظر ڈالیں تو صرف محبت کا پیغام ملتا ہے، آج ہم عہد کرنا ہوگا کہ ہم ایک دوسرے کو برداشت کریں گے۔
کلچرل ڈے کی مناسبت سے منعقد ہونے والے پروگرام میں خالد مقبول صدیقی، سعید غنی، مختلف ممالک کے قونصلرز، عمائدین، نے شرکت کی جبکہ لوک گلوکار حسن سرہندو، نروندا مالنی اور فہیم الن فقیر نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
