کراچی : اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹر کامرس ریگولر کے سالانہ امتحانات برائے 2022 کے نتائج کا اعلان کردیا پہلی تینوں پوزیشن طالبات لے اڑیں۔
انٹر کامرس کے امتحانات میں تینوں پوزیشن پرائیوٹ کالج کامکس اور تابانی کالج نے چوتھی، پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کیں جبکہ گورنمنٹ کا کوئی کالج پوزیشن حاصل نہیں کرسکا۔
اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ راجپوت نے چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کے ہمراہ امتحانی نتائج کا اعلان کیا ،نتائج کے مطابق لائبہ علی بنت سید لیاقت علی نے 1100 میں سے 1024 نمبر لے کر پہلی، طوبی عمیر بنت محمد عمیر اسلم نے 1021نمبر لے کر دوسری، سیدہ انزال عدنان بنت سید عدنان علی ہاشمی نے 1019 نمبر لے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ امتحانات میں شرکت کے لیے 44114 امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا، 43366 نے شرکت کی۔26151 امیدوار کامیاب اور 16467 ناکام ہوئے جبکہ 748 غیر حاضر رہے۔
کامیاب ہونے والوں میں اے ون گریڈ میں 976 کامیاب ہوئے، اے گریڈ میں 2648, بی گریڈ میں 4904, سی گریڈ میں7903, ڈی گریڈ میں 8661 اور ای گریڈ میں 1059 امیدوار کامیاب ہوئے۔
