Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6170
وزیر اعظم نے توانائی بچت پلان پر عمل ناگزیر قرار دے دیا | زرائع نیوز

وزیر اعظم نے توانائی بچت پلان پر عمل ناگزیر قرار دے دیا

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشتگردی کے عفریت کو جڑ سے ختم کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایندھن کے درآمدی بل میں کمی کیلئے توانائی بچت پلان پر عملدرآمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر قرار دیتے ہوئےسرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت 30 فیصد کم کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی ۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا۔

وفاقی کابینہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے سینئر پارلیمنٹیرین چودھری اشرف کو 53 سالہ پرانے کیس میں گرفتار کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وفاقی کابینہ نے ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی۔وفاقی کابینہ نے دہشتگردی کے خلاف مسلسل جدوجہد پرسکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کئے گئے ”مجوزہ توانائی بچت پلان“ پر بحث کی۔

اجلاس کو پلان کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا صو بائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ”مجوزہ توانائی بچت پلان“ کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے کہا ہمیں بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری اپنانے کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ہمیں اپنے رویے اور اطوار بدلنے کی فوری ضرورت ہے۔ایندھن کی مد میں درآمدی بل میں کمی کے لئے توانائی بچت پلان پر عملدرآمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر ہے۔شہباز شریف نے وفاقی وزیر توانائی کو پاکستان میں ونڈ پاور کی استعداد کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت 30 فیصد کم کرنے کے حوالے سے کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کردی جس میں وفاقی وزیر توانائی،وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، وزیر مملکت برائے پٹرولیم اور قدرتی وسائل اور متعلقہ سیکرٹریز شامل ہوں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ اطلاعات ونشریات اور نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی نےتوانائی بچت اور کفایت شعاری کے بارے میں آگہی مہم تیار کرلی ہے۔

وفاقی کابینہ کو وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے الیکٹرک بائیکس کے استعمال کو ملک بھر میں عام کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ملک میں پٹرول سے چلنے والی موٹرسائیکلوں کو مرحلہ وار الیکٹرک بائیکس سے تبدیل کیا جائے گا،اس وقت پاکستان میں 90 کمپنیاں موٹر سائیکل اور آٹو رکشہ بنا رہی ہیں اور ملک میں سالانہ 6 ملین موٹر سائیکل بنانے کی صلاحیت موجود ہے،پاکستان میں 22 کمپنیوں کو الیکٹرک بائیکس بنانے کے لائسنس جاری کئے جاچکے ، الیکٹرک بائیکس کے فروغ سے ایندھن کی خاطرخواہ بچت ہوگی اوریہ کاربن کے اخراج میں کمی کا باعث بھی بنیں گی۔ وزیراعظم نے الیکٹرک بائیکس کے حوالے سے تفصیلی پلان اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے سویابین کی رپورٹ ،گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کمرشل ٹرانزیکشن ایکٹ 2022 ء،ملک بھر میں قائم سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشنز کے حوالے سے سہولیات فراہم کرنے کے لئے وَن سٹاپ سروس ایکٹ،تاج فیلڈ (میر پور خاص بلاک) کو تجارتی حیثیت کے لئے 14.11 سکوئر کلومیٹر پر محیط ایریا کوکمرشل بنیادوں پر ڈیکلئیرکرنے اور بلاک کی یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ (یو ای پی ایل) کو 5 سال کے لئے ترقیاتی اور پیداواری لیز کی منظوری بھی دی۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 21 دسمبر 2022 اور 15 نومبر 2022 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں کےفیصلوں کی توثیق کردی۔