راولپنڈی:آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے کہاہے کہ پاکستان ایک انتہائی نازک موڑسے گزررہاہے،معاشی اوردہشتگردی کے چیلنجزدرپیش ہیں، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سٹیک ہولڈرز میں قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔آئی ایس پی آرکے مطابق نیول اکیڈمی کراچی میں مختلف کورسزکی پاسنگ آئوٹ پریڈ ہوئی۔آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر پریڈکے مہمان خصوصی تھے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میر ی ٹائم صورتحال مسلسل تبدیل ہورہی ہے، مستقبل میں نیوی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، نیوی کوپیشہ وارانہ مہارتوں اور جدیدرجحانات سے ہم آہنگ کر ناہوگا۔آرمی چیف نے تربیت کی کامیاب تکمیل پر ملکی اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو مبارکباددی۔
آرمی چیف نے پریڈ کے شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کئے۔پاکستان نیوی کے لیفٹیننٹ کاشف عبدالقیوم کوقائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے ملیرگیریژن کادورہ بھی کیا،یادگارشہداپرحاضری دی،پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔آرمی چیف نے کراچی کور کے افسران سے بھی خطاب کیا۔آرمی چیف نے کہا جدید جنگی ضروریات سے آگاہی ضروری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کراچی کور آمد پرکورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے استقبال کیا۔
