نوابشاہ : معمولی سی بات پر پڑوسی کی فائرنگ، معصوم بچی جاں بحق

نواب شاہ: بچوں کی معمولی بات پر جھگڑے میں بڑے کود پڑے۔ مشتعل شخص نے فائرنگ کردی جس سے ایک 5 سالہ بچی جاں بحق جبکہ نوجوان زخمی ہوگیا ۔

تھانہ اے سیکشن پولیس کے مطابق کیمپ نمبر 2 میں بچوں کی تکرار پر خواتین اور مرد بھی کود پڑےجس نے جھگڑے کی شکل اختیار کرلی،اس دوران ایک مشتعل مرد نے فائرنگ کردی۔

گولیاں لگنے سے پانچ سالہ بچی فاطمہ سیال جاں بحق ہوگئی۔جبکہ حارث سیال نامی نوجوان زخمی ہوگیا۔فائرنگ سے جاں بحق بچی فاطمہ کی لاش اور زخمی نوجوان حارث سیال کو پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ضروری کارروائی کے بعد بچی کی میت اہل خانہ کے سپرد کردی ۔جبکہ زخمی حارث کا علاج کیا جارہا ہے۔

سیال برادری کے افراد کا کہنا ہے کہ بچی گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ گوپانگ فیملی سے تعلق رکھنے والے مشتعل شخص نے گولیاں چلائیں جس سے بچی جاں بحق اور حارث زخمی ہوگیا ۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں،اب تک کوئی گرفتاری نھیں کی ہے،مقتولہ بچی کے خون سے انصاف ہوگا،ورثاء کے آنے پر مقتولہ بچی کے قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: