کراچی کے مختلف علاقوں میں سال نو کی آمد پر ہونے والی ہوائی فائرنگ سے بچے سمیت 15 افراد زخمی ہوئے جبکہ 4 خواتین بھی گولیاں لگنے پر اسپتال پہنچ گئیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
نمائندہ ذرائع کے مطابق ناگن چورنگی پر ہوائی فائرنگ سے خاتون زخمی ہوئیں جن کی شناخت سونی زوجہ پورن کے نام سے ہوئی جبکہ واٹر پمپ انار کلی بازار میں فائرنگ سے چوبیس سالہ انیلا نامی خاتون زخمی ہوئیں، شاہراہ نور جہاں کٹی پہاڑی پر رینجرز چوکی کے قریب فائرنگ سے 32 سالہ صابرہ زوجہ کامران زخمی ہوئیں۔
لانڈھی فیوچر کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سینے پر لگنے سے 16 سالہ آئینہ شدید زخمی جبکہ ایکسپو سینٹر کے قریب سے خاتون کنزا ہاتھ پر گولی لگنے زخمی ہوگئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کے باعث نارتھ ناظم آباد انٹربورڈ کے قریب بچہ گولی لگنے سے زخمی ہوا جبکہ نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی پر 20 سالہ نوجوان شاہ میر ولد خورشد عالم زخمی ہوا، اس کے علاوہ لائٹ ہاؤس پر ہوائی فائرنگ سے شہری زخمی ہوا۔
کراچی میں سال نو پر ہوائی فائرنگ سے بچے اور خواتین سمیت 22 زخمی
چھیپا ذرائع کے مطابق صدر سن پیٹریک اسکول کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جبکہ گارڈن کے علاقے عثمان آباد میں بھی فائرنگ سے بیس سالہ نوجوان سعد ولد عثمان زخمی ہوا۔ مذکورہ زخمیوں کو سوال اسپتال جبکہ نارتھ ناظم آباد کے زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
