حیدرآباد:سجاول ٹنڈومحمد خان روڈ پروین اورٹریلرمیں تصادم،خواتین اوربچی سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کاشکارافراد شادی سے واپس آرہے تھے،تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب سجاول ٹنڈو محمد خان روڈ پرباراتیوں سے بھری وین اورٹریلرمیں تصادم ہوگیا جس سے وین میں سواردو خواتین ایڈووکیٹ آمنہ آرائیں اوردلہا کی والدہ مسماة پٹھانی جمالی موقع پرہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ 7 سالہ اریبہ جمالی،مسماة نصرت جمالی،نجمہ جمالی اورکنزہ جمالی سول اسپتال حیدرآباد میں دم توڑگئیں،وین ڈرائیورسمیت تین زخمیوں کوپہلے بلڑی شاہ کریم ہیلتھ سینٹرمنتقل کیا گیا جہاں طبی امداد کے بعد سول اسپتال ریفرکردیا گیا۔
حادثے کی شکاروین میں سوارافراد شادی کی تقریب سے واپس سائٹ ایریاحیدرآباد آرہے تھے،جاں بحق افراد کا تعلق حیدرآباد کے گوٹھ جمالی سے تھا۔
جاں بحق خواتین و بچوں کی نمازجنازہ سائٹ ایریا حیدرآباد میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں اہل علاقہ اورعزیزواقارب نے شرکت کی،اس موقع پررقت آمیزمناظر دیکھنے میں آئے،ایک ہی علاقے سے 6 جنازے اٹھنے پرکہرام مچ گیا اورہرآنکھ اشکبارتھی،نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحومین کوسپرد خاک کردیا گیا۔
